اسلام آباد:یکم مارچ سے ملک میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ اور ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث یہ تبدیلی متوقع ہے۔
تفصیلات ملک میں یکم مارچ سے پٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق، پٹرول کی قیمت میں اضافے کا سبب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہلکی سی بڑھوتری اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہے۔
بینچ مارک برینٹ کی قیمتیں گزشتہ 10 دنوں میں زیادہ تر مستحکم رہی ہیں، جس کے باعث ڈیزل کی قیمت میں زیادہ کمی نہیں دیکھی جا رہی۔ اس وقت ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت 256 روپے 13 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 263 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہے۔ اگر قیمتوں میں یہ ردوبدل ہوتا ہے تو عوام کو پٹرول مہنگا جبکہ ڈیزل نسبتاً سستا ملے گا، جس کا اثر ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں پر بھی پڑے گا۔





















