پشاور: سرکاری ملازمین کے لیے اپنا گھر بنانے کا خواب پورا کرنے کا سنہری موقع آ گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے ہاؤسنگ اسکیم کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملازمین ’’دستک ایپ‘‘ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کر دیا ہے، اور اس کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کر دی گئی ہے۔ تمام سرکاری ملازمین کو 25 مارچ تک اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
صوبائی حکومت کی ہدایت پر خیبرپختونخوا ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ آن لائن رجسٹریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دونوں محکموں نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم کی تشہیر کے لیے اپنے دفاتر میں باضابطہ نوٹس بورڈز پر اطلاع لگائیں تاکہ ملازمین بروقت آگاہ ہو سکیں اور "دستک ایپ” کے ذریعے اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکیں۔
آن لائن رجسٹریشن کیسے کریں؟
سرکاری ملازمین "دستک ایپ” کو گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جہاں درخواست فارم بھی دستیاب ہے۔ مزید تفصیلات اور آن لائن فارم کا لنک خیبرپختونخوا ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ اور KPITB کی ویب سائٹس پر بھی فراہم کیا گیا ہے۔
یہ اقدام سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہو سکتا ہے، جس سے وہ باآسانی اپنا گھر بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔





















