لاہور:منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے سینکڑوں رضاکاروں نے عید کے تینوں ایام میں سینکڑوں چھوٹے بڑے جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے اور ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا، بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اجتماعی قربانی مہم میں حصہ لینے والے راہنماؤں و کارکنان کو مبارک باد دی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے قربانی کے گوشت کو موسمی شدت سے محفوظ بنانے اور بلاتاخیر تقسیم یقینی بنانے کیلئے تھرما پول کے ڈبوں اور چلر گاڑیوں کا استعمال کیا گیا۔

مرکزی قائدین خرم نواز گنڈا پور،فیصل حسین مشہدی ، انجینئر محمد ثناء اللہ خان، انجینئر محمد رفیق نجم، عبد الرحمن ملک، نوراللہ صدیقی،شفقت ندیم و دیگر راہنماؤں نے گوشت کی تقسیم مہم کی نگرانی کی، منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بھی بہترین انتظامات یقینی بنانے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور مرکزی راہنماؤں کو مبارک باد دی، انہوں نے کہا کہ قربانی کی عظیم سنت انسانی ہمدردی اور اتحاد و یکجہتی کا عظیم مظہر ہے ۔
اسے بھی پڑھیں: قربانی کا گوشت کھاتے وقت کن احتیاطوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟
ڈائریکٹر آپریشن انجینئر ثناء اللہ خان نے بتایا کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر سے جنہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے قربانی کا فریضہ انجام دیا اورہم پر اعتماد کیا، اللہ کا شکر ہے کہ ہم ان کے اعتماد پر پورا اترے۔
ایم ڈی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل حسین مشہدی ٹیم کے ہمراہ لاہور کے مضافات میں گھر گھر جا کر مستحق خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کرتے رہے، مستحقین نے گھر کی دہلیز پر گوشت پہنچانے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔





















