لاہور:منہاج القرآن کے فلاحی ادارہ آغوش اور تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد ہوا۔ قرآن مجید حفظ کرنے والے 100 سے زائد طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی، بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری علی اکبر ،فضہ حسین قادری، مس رومانہ مبشر، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال اور پرنسپل تحفیظ القرآن علامہ عباس نقشبندی نے طلبا و طالبات میں اسناد اور کارکردگی شیلڈز تقسیم کیں۔
خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ منہاج القرآن فی زمانہ خدمت قرآن اور خدمت خلق کی عظیم الشان تحریک ہے۔ یہ تحریک قرآن کے منہج پر ہے۔ یہاں طلبا و طالبات کو قرآن مجید کی تعلیم دی جارہی ہے میں اس خدمت پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے برادر اسلامی ملک ایران کے مہمانوں کو تقریب میںخوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق و کردار سازی اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے والدین اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیمات دلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات پورے وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ پاکستان بھر میں تحفیظ القرآن اور آغوش کمپلیکس جیسا ایک بھی فلاحی ادارہ موجود نہیں ہے۔ ہم علوم القرآن کے فروغ کے لئے خدمات انجام دینے والے تمام اداروں، شخصیات کو دورہ کی دعوت دیتے ہیں ۔آغوش کمپلیکس کے ڈائریکٹر کرنل(ر) مبشر اقبال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور آغوش کمپلیکس کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل علامہ عباس نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی سند اور شہرت یافتہ قراء حضرات یہاں قرآن مجید حفظ کروانے کے ساتھ ساتھ طلبا کو فنی قواعد کی مشق کرواتے ہیں۔ یہاں سے قرآن مجید حفظ کرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
بلاشبہ قرآن ہی وہ واحد کتاب ہدایت ہے جو اس فتنوں کے دور میں ہمیں اور ہماری نسلوں کے ایمان و اعتقاد کو بچا سکتی ہے۔ والدین اپنی آخرت اور صدقہ جاریہ کے لئے اپنی اولاد کے دلوں کو قرآن مجید کی روشنی سے منور کریں۔ برادر اسلامی ملک ایران کے قاری علی اکبر نے قرآن مجید حفظ کرنے والے طلبا کا امتحان بھی لیا اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اساتذہ طلبہ کو بہت اچھی تیاری کروارہے ہیں۔ قرآن مجید حفظ کرنے والے طلبا و طالبات کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، نائب صدر میاں زاہد اسلام، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، سہیل رضا، الطاف رندھاوا، عبدالستار سراج، عمارہ مقصود نے اسناددیں۔ تقریب میں نعیم جوڑا، نوید بٹ، ملک ارشد، بابرجاوید بٹ، حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید و دیگر نے شرکت کی۔