(اسپورٹس ڈیسک: خصوصی رپورٹ: غلام مرتضیٰ)ایران نے عالمی فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ FIFA World Cup 2026 میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد اس حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے اور ٹیم کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے
ایرانی حکام کے مطابق قومی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور وزارت کھیل و امور نوجوانان کی جانب سے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ عالمی سطح پر بہتر کارکردگی دکھا سکیں، جبکہ حکومتی ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران ہر صورت اس ایونٹ میں شرکت کرے گا اور کھیلوں کو سیاسی کشیدگی سے الگ رکھا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، تاہم حالیہ سفارتی کوششوں اور جنگ بندی کے بعد حالات میں نسبتاً بہتری آئی ہے، جس کے باعث ایران کی شرکت مزید یقینی ہو گئی ہے اور اس حوالے سے پہلے پھیلنے والی قیاس آرائیاں بھی ختم ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق امریکی صدر Donald Trump کے نمائندہ خصوصی پاؤلو زمپولی نے فیفا کے صدر Gianni Infantino سے درخواست کی تھی کہ ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کیا جائے، تاہم ایران کے تازہ اعلان کے بعد یہ معاملہ عملاً ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی کھیلوں کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹس نہ صرف کھیل بلکہ عالمی یکجہتی اور مثبت پیغام کا ذریعہ بھی ہوتے ہیں، اور کسی بھی ملک کی غیر موجودگی کھیل کے جذبے کو متاثر کر سکتی ہے۔
یہ بھی واضح ہے کہ اگر کشیدگی دوبارہ بڑھی تو کھیلوں پر اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم فی الحال ایران کی شرکت سے عالمی فٹبال شائقین کے لیے ایک بڑی غیر یقینی ختم ہو گئی ہے اور ٹورنامنٹ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔





















