اگر آپ کسی شاپنگ مال یا رش والی جگہ پر اپنا بلڈ پریشر چیک کر رہے ہیں تو شور کی وجہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ تحقیق کے مطابق اس سے بلڈ پریشر کی ریڈنگ زیادہ متاثر نہیں ہوتی۔
ایک نئی تحقیق میں پایا گیا ہے کہ پبلک مقامات اور پرائیویٹ دفاتر میں چیک کیے گئے بلڈ پریشر میں معمولی سا ہی فرق ہوتا ہے۔
پہلے کی تحقیق میں کہا گیا تھا کہ پُرسکون ماحول میں بلڈ پریشر چیک کرنا زیادہ بہتر ہے، لیکن نئی تحقیق کے مطابق عوامی مقامات بھی بلڈ پریشر اسکریننگ کے لیے مناسب ہو سکتے ہیں۔
بالٹی مور کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق بڑے پیمانے پر بلڈ پریشر چیکنگ کے پروگرام شروع کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
دنیا بھر میں تقریباً 1.4 ارب افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں، لیکن ان میں سے صرف 50 فیصد کو اپنی بیماری کا علم ہوتا ہے اور صرف 20 فیصد ہی اسے کنٹرول کر پاتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ دل کی بیماری دنیا میں سب سے زیادہ اموات کی وجہ بن رہی ہے۔ اگر بلڈ پریشر چیک کروانے کو آسان اور عام بنا دیا جائے تو دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔