لہجوں کی اصلاح، ترتیب بدلنے کی ضرورت ہے

انسانی معاشرہ محض افراد کے مجموعے کا نام نہیں بلکہ احساسات، رویّوں اور تعلقات کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ یہ وہ آئینہ ہے جس میں ہماری زبان، لہجہ، طرزِ گفتگو اور باہمی برتاؤ پوری وضاحت کے ساتھ جھلکتا ہے۔ افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ ہمارے روزمرہ معاملات چاہے وہ خاندانی ہوں، گھریلو، دفتری یا کاروباری—اکثر تلخی، بدگمانی اور غیر ضروری تنقید سے شروع ہوتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہم سوال نہیں کرتے بلکہ کٹہرے میں کھڑا کرتے ہیں، اور یہی طرزِ عمل معاشرتی بگاڑ کی بنیادی وجہ بنتا جا رہا ہے۔

کہاں تھے آپ؟ ، اتنی دیر کیوں لگائی؟ ، آپ کو کسی بات کی پرواہ بھی ہے؟ یہ جملے بظاہر سادہ مگر درحقیقت ایک منفی رویّے کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ الفاظ نہ صرف مخاطب کے دل پر بوجھ ڈالتے ہیں بلکہ باہمی اعتماد کو بھی مجروح کرتے ہیں۔ ایسے جملے سن کر مخاطب دفاعی انداز اختیار کر لیتا ہے، اور یوں مکالمہ، جو باہمی فہم و ادراک کا ذریعہ ہونا چاہیے، ایک بے نتیجہ بحث میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً فاصلے بڑھتے ہیں، دلوں میں گرہیں پڑتی ہیں اور تعلقات کی خوبصورتی ماند پڑنے لگتی ہے۔

معاشرتی زندگی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ انسان کو انسان سمجھا جائے، نہ کہ محض ایک کردار یا ذمہ داری کا بوجھ۔ ہر فرد اپنی جگہ ایک مکمل کہانی رکھتا ہے اس کے مسائل، الجھنیں، مجبوریوں اور جذبات کو سمجھے بغیر اس پر سوالات کی بوچھاڑ کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ایک مہذب معاشرے کی پہچان یہی ہے کہ وہاں سوال سے پہلے احساس، اور تنقید سے پہلے ہمدردی کو جگہ دی جاتی ہے۔ یہی وہ رویہ ہے جو دلوں کو جوڑتا اور اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔

یہاں ایک نہایت اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ہمیں اپنے سوالات کی ترتیب کو درست کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ سوال بذاتِ خود کوئی منفی چیز نہیں، بلکہ اس کا انداز اور ترتیب اسے مثبت یا منفی بناتی ہے۔ اگر سوالات کا آغاز خیرخواہی اور فکر مندی سے ہو، اور بعد میں حالات کی وضاحت طلب کی جائے، تو یہی سوالات تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ لیکن اگر ابتدا ہی الزام، شک اور سختی سے کی جائے تو وہی سوالات دل آزاری اور دوری کا سبب بنتے ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے سوالات کو اس انداز میں ترتیب دیں کہ ان میں احترام، نرمی اور انسان دوستی جھلکے۔

اگر ہم اپنی گفتگو کا آغاز اس طرح کریں کہ آپ خیریت سے ہیں؟ ، کوئی مسئلہ تو نہیں تھا؟ ، ہم آپ کے منتظر تھے، سب ٹھیک ہے؟ تو یہی جملے تعلقات میں نرمی، محبت اور اپنائیت کا رنگ بھر دیتے ہیں۔ یہ طرزِ گفتگو نہ صرف مخاطب کو عزت دیتا ہے بلکہ اس کے دل میں اعتماد اور قربت کے جذبات بھی پیدا کرتا ہے۔ یہی وہ چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہیں جو بڑے معاشرتی انقلاب کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں عدم برداشت، جلد بازی میں فیصلے، اور بغیر تحقیق کے تنقید کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ ہم سننے سے زیادہ بولنے کے عادی ہو چکے ہیں، اور سمجھنے سے پہلے فیصلہ سنا دیتے ہیں۔ یہی رویّہ گھروں میں بے سکونی، دفاتر میں کشیدگی اور کاروبار میں بداعتمادی کو جنم دیتا ہے۔ والدین اور اولاد کے درمیان فاصلہ بڑھ رہا ہے، میاں بیوی کے تعلقات میں دراڑیں آ رہی ہیں، اور پیشہ ورانہ زندگی میں اعتماد کا فقدان نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔

اگر ہم معاشرتی سطح پر اس مسئلے کا گہرائی سے جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ صرف انفرادی رویّوں کا مسئلہ نہیں بلکہ اجتماعی تربیت کی کمی کا نتیجہ ہے۔ ہمیں بچپن سے ہی برداشت، صبر، حسنِ گفتگو اور دوسروں کے حالات کو سمجھنے کی تعلیم نہیں دی جاتی۔ تعلیمی اداروں میں علم تو دیا جاتا ہے مگر اخلاقیات اور معاشرتی آداب کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو درحقیقت دی جانی چاہیے۔ نتیجتاً ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کر رہے ہیں جہاں ذہانت تو موجود ہے مگر دانائی کا فقدان ہے۔

اسلامی تعلیمات بھی ہمیں یہی درس دیتی ہیں کہ نرمی اختیار کرو، آسانی پیدا کرو اور لوگوں کے لیے سہولت کا باعث بنو۔ حضور اکرم ﷺ کا اسوۂ حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے، جہاں ہر معاملے میں شفقت، درگزر اور حسنِ سلوک کو ترجیح دی گئی۔ آپ ﷺ نے کبھی کسی کو بلاوجہ سختی کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ ہمیشہ حالات کو سمجھ کر گفتگو فرمائی، اور یہی وہ طرزِ عمل ہے جسے اپنانے میں ہماری بھلائی مضمر ہے۔

آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم اپنی ترجیحات کا ازسرِ نو تعین کریں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ زبان کا زخم تلوار کے زخم سے زیادہ گہرا ہوتا ہے۔ لہٰذا اپنی گفتگو کو مہذب، شائستہ اور ہمدردی پر مبنی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے گھروں سے اس اصلاح کا آغاز کرنا ہوگا، تاکہ یہ روش پورے معاشرے میں سرایت کر جائے اور ایک مثبت روایت بن جائے۔

اگر ہم واقعی ایک پرامن، متوازن اور محبت سے بھرپور معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے لہجوں کو درست کرنا ہوگا۔ سوال کرنے سے پہلے سوچنا ہوگا، اور تنقید سے پہلے سمجھنا ہوگا۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں نفرتوں سے نکال کر اخوت، بھائی چارے اور باہمی محبت کی منزل تک لے جا سکتا ہے۔

آخر میں یہی کہ معاشروں کی تعمیر اینٹوں سے نہیں، رویّوں سے ہوتی ہے۔ اگر ہم نے اپنے اندازِ گفتگو کو سنوار لیا، اپنے سوالات کی ترتیب کو درست کر لیا اور اپنے لہجوں میں نرمی پیدا کر لی تو نہ صرف ہمارے تعلقات بہتر ہوں گے بلکہ ہمارا پورا معاشرہ ایک مثبت، متوازن اور خوشگوار تبدیلی کی جانب گامزن ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین