مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پاکستان پر حملے کے مترادف تھے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف بخوبی جانتے ہیں کہ ملک کی سلامتی کو کیسے یقینی بنانا ہے۔
بشریٰ بی بی کی نئی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کو اندرونی سازشوں کا سامنا ہے، حال ہی میں سامنے آنے والی ویڈیو نے حیرت میں ڈال دیا۔ ایک ایسی خاتون جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس نے پاکستان کے دیرینہ دوست ملک سعودی عرب کے خلاف بات کی۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے مشکل وقت کا ساتھی رہا ہے، اور ایسے بیانات ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے امریکا پر الزام لگایا گیا کہ اس نے حکومت ختم کی، اور اب انہی کے جلسوں میں امریکی پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ دشمن ممالک انتظار کر رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے، لیکن دوست ممالک کو ناراض کر کے تعلقات خراب کیے گئے۔
مریم نواز نے خیبرپختونخوا کی حکومت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور پنجاب پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا دوسرے صوبے پر حملہ سمجھ سے بالاتر ہے، تاہم پولیس کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام پر کوئی سختی نہ کی جائے۔