جمعرات, نومبر 28, 2024

بھارتی گجرات میں سیلاب کی تباہی، 35افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 35افرادہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیاکے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں 3روز سے مسلسل ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، 30ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران پانی میں پھنسے 2ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔طوفانی بارشوں اور سیلاب میں 13افراد ڈوب کر جبکہ کرنٹ لگنے سمیت دیوار اور درخت گرنے کے دیگر واقعات میں 20سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
زخمیوں کی تعداد 100سے زائد ہے۔بارشوں نے نظام زندگی کو معطل کرکے رکھ دیا۔ 3دن سے اسکول اور دفاتر بند ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور ٹرین کا نظام معطل ہے۔ تقریباً 1000دیہات بجلی سے محروم ہیں۔ہسپتالوں، میونسپل اداروں اور ہنگامی مراکز میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ریلیف کیمپوں میں پینے کے صاف پانی اور ادویہ کی قلت کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔بھارت کی دیگر ریاستوں میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ تریپورہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں 20سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین