اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے: بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پرامن لوگوں کو کمزور نہ سمجھیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج اور اسے روکنے کے لیے انتظامیہ کے اقدامات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ معلومات موصول ہو رہی ہیں کہ لیگی سرکار نے گلو بٹ تیار کر لیے ہیں۔
ہمارے پر امن احتجاج پر تشدد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی بدنام زمانہ پنجاب پولیس کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ ن لیگیوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ن لیگ فاشزم اور جبر کی علامت بن چکی ہے۔
تشدد کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اپنی آئینی حدود میں رہے ورنہ ان کے خلاف قانونی طور پر آخری حد تک جائیں گے۔ پر امن لوگوں کو کمزور نہ سمجھا جائے ورنہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔
قوم بخوبی جانتی ہے کہ پنجاب پولیس اور ن لیگ کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پر امن احتجاج کو کچھ اور رنگ دینے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم کاغذی شیروں کو جلا کر رکھ دیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین