خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 2 فوجی جوان شہید
اسلام آباد:سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران ایک کیپٹن اور ایک سپاہی نے شہادت کا رتبہ پایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں خوارج چھپے ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں جھنگ کے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شاگئی میں کی گئی۔ یہاں سیکیورٹی فورسز نے 3 خوارج کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کر لیا۔
اس آپریشن میں بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس دوران لاہور کے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔یہ دہشت گرد کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں مزید چھپے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔کیپٹن محمد زوہیب شہید لاہور سے تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے تین سال سے زیادہ عرصے تک پاک فوج میں خدمات انجام دیں۔ ان کے والدین ان کے سوگواران میں شامل ہیں۔
سپاہی افتخار حسین شہید کا تعلق جھنگ سے تھا۔ وہ پاک فوج میں 8 سال سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ قربانیاں قوم کے لیے روشن مثال ہیں اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ہماریکوششوں کو مزید تقویت دیتی ہیں۔





















