فلم جاٹ کی ناکامی کے باوجود سنی دیول نے سیکوئل کا اعلان کر دیا

سنی دیول نے ’جاٹ 2‘ کا پوسٹر جاری کر کے سیکوئل کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا

سنی دیول کی فلم ’جاٹ‘ باکس آفس پر خاطرخواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی، لیکن اس کے باوجود سنی دیول نے صرف ایک ہفتے بعد ’جاٹ 2‘ بنانے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ فلم کے سیکوئل میں سنی دیول مرکزی کردار ادا کریں گے، اور اس کی ہدایت کاری بھی گوپی چند مالینی کریں گے۔

ممبئی: سنی دیول کی نئی فلم ’جاٹ‘ باکس آفس پر متوقع کامیابی حاصل نہ کر سکی، لیکن اس کے باوجود اداکار نے ’جاٹ 2‘ بنانے کا اعلان کر کے مداحوں اور ناقدین کو حیرت میں ڈال دیا۔

فلم ’جاٹ‘ 11 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، لیکن اس نے اب تک کوئی بڑی کمائی نہیں کی۔ اس کے باوجود، سنی دیول نے ’جاٹ 2‘ کا پوسٹر جاری کر کے سیکوئل کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، سنی دیول نے بتایا کہ ’جاٹ‘ کے سیکوئل کی تیاری شروع ہو چکی ہے، اور اس فلم کی ہدایت کاری بھی گوپی چند مالینی ہی کریں گے۔

ابھی تک سیکوئل کی مکمل کاسٹ کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، لیکن یہ طے ہے کہ سنی دیول اس میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جاٹ‘ میں سنی دیول کے ساتھ رندیپ ہوڈا بھی تھے، جنہوں نے فلم میں ولن کا کردار نبھایا تھا۔

اب تک فلم ’جاٹ‘ نے بھارت بھر میں تقریباً 4 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جبکہ اس کی مجموعی کمائی 57.5 کروڑ روپے تک پہنچی ہے۔ فلموں کے ماہر تجزیہ کار ترن آدرش نے سوشل میڈیا پر فلم کے چھٹے دن کی کمائی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کا دن فلم کے لیے کامیاب رہا، اور ہفتے کے آخر تک فلم کی کل کمائی 61 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ایسی صورتحال میں سنی دیول کا ’جاٹ 2‘ بنانے کا اعلان ناقدین کے لیے بھی حیران کن ہے، لیکن سنی دیول اپنے مضبوط عزم اور پختہ ارادوں کے ساتھ سیکوئل کی کامیابی کے لیے پرامید اور پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین