المنہاج انسٹی ٹیوٹ لندن کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ گریجوایٹ کانووکیشن

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی خصوصی شرکت، طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں

لاہور:منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے المنہاج انسٹی ٹیوٹ لندن کے تیسرے سالانہ گریجوایٹ کانووکیشن میں شرکت کی جہاں علوم اسلامیہ اور عربی لینگوئج کے پروگراموں میں ڈگری مکمل کرنے والے سینکڑوں طالبات کو اسناد دی گئیں۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ نے حصول علم کو واجبات میں شامل کیا، ہر مرد اور عورت پر حصول علم کو لازم قرار دیا گیا، انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ برطانیہ میں مسلم نوجوانوں میں اسلامی تعلیم حاصل کرنے کا شوق اور جوش و جذبہ بڑھ رہا ہے۔

حضور نبی اکرم ؐنے جنگی قیدیوں کو مسلمان شہریوں کو تعلیم دینے کے عوض عام معافی دینے کا اعلان فرمایا۔ اس سے اندازہ ہونا چاہیے کہ پیغمبر اسلام اپنی اُمت کی تعلیم و تربیت کے لئے کس قدر فکر مندہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم انسانیت کی ترقی کا بنیادی ستون ہے، یہ وہ روشنی ہے جو جہالت کے اندھیروں کو دور کرتی ہے اور انسان کو شعور و آگہی عطا کرتی ہے، علم کے بغیر ملک تو کیا انسان بھی ترقی نہیں کر سکتے، علم ہی سے انسان کو صحیح اور غلط کی تمیز میسر آتی ہے، مسائل کے حل میں اُسے ایک حوصلہ اور اعتماد ملتا ہے، علم انسان کے معیارِ زندگی کو بھی بہتر بناتا ہے اس لئے قرآن مجید نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ عالم اور جاہل برابر نہیں ہو سکتے، حضور نبی اکرم ﷺ کے ہر اُمتی پر لازم ہے کہ وہ حصول علم کو اپنی ہر مصروفیت پر فوقیت دے۔ اسلام میں علم کو غیر معمولی مقام حاصل ہے۔

اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور، ’’پانی ہمارا مستقبل ہے‘‘ کے موضوع پر سیمینار

قرآن و سنت میں بارہا علم حاصل کرنے، اس پر غور و فکر کرنے، اور اس کے ذریعے ہدایت پانے کی تاکید کی گئی ہے۔اسلام ایک ایسا دین ہے جو قلم، کتاب، علم، تحقیق، غور و فکر، اور سوال و جواب کی ترغیب دیتا ہے۔ علم وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کو بندگی، انسانیت، تہذیب، اور ترقی کی طرف لے جاتا ہے۔ لہٰذا علم حاصل کرنا نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ ایک ذاتی، معاشرتی اور قومی ضرورت بھی ہے۔ مسلمان خاندانوں کی تعلیم و تربیت کے لئے تعلیمی اداروں کے قیام اور انہیں بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے مطابق چلانے پر انہوں نے سید علی عباس بخاری ،ذیشان قادری، علامہ عبدالرسول، زرویشہ رسول، سعدفاروق اور حسن رضا کی تعریف کی۔

تقریب میں شاہد اقبال، ذوالفقار علی نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ اہل بیت اطہار ؑ نے علوم اسلامیہ بالخصوص حدیث و سنہ اور فقہی امور میں اسلام کے ذخیرہ علم کو انتہا تک پہنچایا۔ اہل بیت اطہارؑ کے نفوس قدسیہ نے حضور نبی اکرمؐ کی تعلیمات کو آسان فہم انداز اور الفاظ میں اُمت کے روبرو پیش کیا۔ آج اگر دین اپنی اصل بنیادوں پر قائم و دائم ہے تو اس میں اہل بیت اطہار ؑ کا عملی کردار سرفہرست ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج ایوننگ سکول اور بیت الحکمت سنڈے سکول کے تعلیمی، تدریسی و تربیتی کردار کو بے حد سراہا اور ان سکولوں میں حصولِ علم کے لئے بھیجنے والے طلبا و طالبات کے والدین کو بھی مبارکباد دی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ سید علی عباس بخاری نے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق برطانیہ میں مقیم خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کے لئے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں جہاں دینی نہج پر عصری علوم پڑھائے جارہے ہیں اور منہاج القرآن کے نصاب اور تدریسی پروگرام کو مسلم کمیونٹی میں بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین