لاہور(تحریک اسپیشل)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل گلاسگو و ڈنڈی کی مقامی ایگزیکٹو کمیٹی اور ایڈنبرا ادبی ڈیرہ سمیت مختلف سماجی تنظیموں کے راہنماؤں سے ملاقاتیں کیں،اس موقع پر برطانیہ کے تنظیمی عہدیداروں نے شیخ الاسلام کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے رجحانات اور میلانات کے مطابق اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تعلیم و تربیت کیلئے ایک سنٹر قائم کرنے جارہے ہیں جہاں نوجوانوں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ سوشل میڈیا کے میدان میں امن کے سفیربن کر اپنا دینی ملی کردار ادا کرسکیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس سوچ کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام قیامت تک کا دین ہے، دینی اقدار کے فروغ کیلئے نوجوان جدیدذرائع ابلاغ استعمال کریں،ہر دور اپنے ساتھ ابلاغ کے جدید ذرائع بھی لے کر آتا ہے جنہیں ذمہ داری اور مہارت کے ساتھ استعمال کر کے امربالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔نوجوان سوشل میڈیا سے جو سیکھتے ہیں اُسے اپنے عمل کا حصہ بناتے ہیں، لہٰذا ہم اس میدان کو خالی نہیں چھوڑ سکتے، سوشل میڈیا پر بعض امن کے دشمن کفر و الحاد، بدامنی، ا نتہا پسندی، دہشت گردی پھیلانے کے لئے متحرک ہیں، ان حالات میں نئی نسل کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس میدان میں حضور نبی اکرمؐ کی اخوت و محبت اور امن بقائے باہمی والی تعلیمات کو عام کریں۔
منہاج القرآن برطانیہ کا مصنوعی ذہانت کی تربیت کیلئے سنٹر کے قیام کا فیصلہ
دینی اقدار کے فروغ کیلئے نوجوان جدیدذرائع ابلاغ استعمال کریں:ڈاکٹر طاہرالقادری





















