ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس، انٹرنیٹ کی سست روی پر عدالت برہم ، اہم ریمارکس
اسلام آباد :ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیٹ کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسمتھ ویڈیو لنک پر عدالت میں موجود تھے، لیکن ان کی آواز سنائی نہ دی جس پر عدالت کے جج، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کلائیو اسمتھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ "انٹرنیٹ بہت سست ہے، آپ کی آواز نہیں آ رہی”۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے مزید کہا، "اب کیا پی ٹی اے کو نوٹس جاری کر دوں کہ عدالت میں انٹرنیٹ صحیح کام نہیں کر رہا؟ کیا پی ٹی اے یہ بتائے گا کہ موبائل فون کے بعد انٹرنیٹ کی سروس بھی بند کر دی گئی ہے؟” ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کا مسئلہ درپیش ہے، لیکن دیگر انٹرنیٹ سروسز متاثر نہیں ہیں۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "چلیں، چیئرمین پی ٹی اے کچھ لکھ کر بتا دیں کہ مسئلہ کیا ہے”۔