اسلام آباد:حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔
آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 252 روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 3 روپے 29 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، اور اس کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب، مٹی کے تیل کی قیمت میں 62 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 48 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 164 روپے 98 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 151 روپے 73 پیسے ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ 15 دنوں کے لیے لاگو رہیں گی





















