لاہور(خصوصی رپورٹ:رمیض حسین) پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حالیہ دنوں بارشوں میں وقفے کے باعث لاہور سمیت بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 جولائی سے 24 جولائی تک جاری رہنے والے اس اسپیل کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر مختصر وقت میں غیر معمولی مقدار میں بارش ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں کہیں کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اور انتظامی اقدامات مکمل رکھتے ہوئے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
ادھر بارشوں کے وقفے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔





















