پہلے ٹی 20 میں 57 رنز کی فتح، پاکستان کا سیریز میں زبردست آغاز

پاکستان نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں زمبابوے کو 57 رنز سے ہرا دیا۔ زمبابوے کی ٹیم 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 108 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جبکہ پاکستانی اسپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سیریز کے ابتدائی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ عثمان خان اور طیب طاہر نے 39، 39 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ عرفان خان نے 27 رنز کا اضافہ کیا۔

زمبابوے کی جانب سے آل راؤنڈر سکندر رضا 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیکن پوری ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ نے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔

نوجوان بولرز سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے 2 جبکہ جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرا میچ 3 دسمبر کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے موزوں لگ رہی ہے، اور وہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے ہے اور ہم فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے بھی وکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے چاہے بیٹنگ ہو یا بولنگ۔پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، اور سفیان مقیم شامل تھے۔

زمبابوے کے کھلاڑیوں میں سکندر رضا (کپتان)، تدیوراشے مرومانی، برین برینٹ، ڈیون میئرز، ریان بلر، کلائیو مڈنڈے، تھشنگا موسی کیوا، ولنگٹن مساکاڈزا، رچرڈ نگواراوا، بلیسنگ مزرابانی، اور ترایور وگواند شامل تھے۔

یاد رہے کہ 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین