جی ایچ کیو حملہ کیس: شاہ محمود قریشی سمیت 14 افراد پر فرد جرم عائد
راولپنڈی:سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے اہم رہنما شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 14 افراد پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پیش ہوئے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ سماعت میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنما جیسے شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، شہریار آفریدی اور کنول شوذب سمیت متعدد ملزمان بھی موجود تھے۔
عدالت نے مجموعی طور پر 14 افراد پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، ان میں شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، کرنل شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنول شوذب، تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود اور راجہ ناصر محفوظ شامل ہیں۔
عدالت میں بتایا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں اب تک مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، شہریار آفریدی اور کنول شوذب نے عدالت میں دفعہ 265 ڈی کی درخواستیں دائر کیں، جنہیں عدالت نے سماعت کے لیے کل مقرر کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وکیل غلام حسنین سنبل کو اپنا پلیڈر مقرر کرتے ہوئے عدالت سے اپنے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے پر جج کا شکریہ ادا کیا۔
سماعت کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کی۔





















