روحانی سفر نے میری زندگی بدل دی، ممتا کلکرنی کا انٹرویو

یاد رہے کہ ممتا کلکرنی 2000 میں بھارت چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئی تھیں

روحانی سفر نے میری زندگی بدل دی، ممتا کلکرنی کا انٹرویو

ماضی کی مشہور بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی نے فلم انڈسٹری میں واپسی کے حوالے سے اپنی سوچ کا اظہار کر دیا۔

حال ہی میں 25 سال بعد بھارت واپس آنے والی ممتا کلکرنی نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ بالی ووڈ میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا، "میں بالی ووڈ کے لیے واپس نہیں آئی اور نہ ہی ایک اداکارہ کے طور پر دوبارہ کام کرنے کا ارادہ ہے۔”

ممتا کلکرنی نے اپنے سابقہ ساتھی وکی گوسوامی اور منشیات سے متعلق الزامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کا وکی گوسوامی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "میرا منشیات کی دنیا سے کوئی تعلق نہیں، اور میں ایسے لوگوں سے کبھی نہیں ملی۔ ہاں، میں وکی سے جڑی ہوئی تھی، لیکن میرا روحانی سفر 1996 میں شروع ہوا جب میرے گرو میری زندگی میں آئے۔”

انہوں نے بتایا کہ وکی گوسوامی نے ان سے اس وقت رابطہ کیا جب وہ دبئی کی جیل میں تھے۔ ممتا نے کہا، "ان سالوں میں، میں پوجا اور دھیان سے جڑ چکی تھی۔ جب 2012 میں وکی جیل سے باہر آئے، تب تک میری محبت یا شادی کی خواہش ختم ہو چکی تھی۔”

ممتا کلکرنی نے بتایا کہ وکی کی جیل سے رہائی کے بعد بھی ان کا تعلق ختم ہو چکا تھا۔ تاہم، انہوں نے ارادہ کیا تھا کہ وکی کے جیل سے باہر آنے تک بھارت واپس نہیں جائیں گی۔ وکی بعد میں کینیا چلے گئے، اور ممتا 2012 میں کمبھ کے میلے میں شرکت کے لیے بھارت آئیں اور 10 دن بعد دوبارہ دبئی لوٹ گئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ 2016 میں ان کی وکی گوسوامی سے آخری بار بات ہوئی تھی، اس کے بعد سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ 2016 سے 2024 تک وہ اپنے روحانی سفر اور "تپسیا” میں مصروف رہیں۔

یاد رہے کہ ممتا کلکرنی 2000 میں بھارت چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئی تھیں۔ 2012 میں مختصر وقت کے لیے بھارت آئیں، اور اب 2024 میں دوبارہ بھارت واپسی پر جذباتی ہو گئیں۔

ماضی میں ممتا نے بالی ووڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ فلمیں "کرن ارجن” اور "بازی” میں کام کیا تھا اور بے حد مقبولیت حاصل کی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین