سائنس دانوں نے زمین سے 500 نوری سال کے فاصلے پر ایک ایسا سیارہ دریافت کیا ہے جہاں کی ہوائیں غیرمعمولی رفتار رکھتی ہیں۔ ان ہواؤں کی رفتار اب تک کائنات میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے تیز رفتار ہے۔
یہ سپر سونک طوفان تقریباً 20 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتے ہیں، جو اتنے خطرناک ہیں کہ انسان کے جسم سے گوشت اکھاڑ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، WASP-127b نامی یہ سیارہ اپنے گردشی رفتار سے چھ گُنا زیادہ تیز ہواؤں کا مسکن ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ سیارے کے خطِ استواء پر یہ طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، جو انتہائی خطرناک نوعیت کی ہیں۔
ہمارے نظامِ شمسی میں تیز ترین ہوائیں نیپچون پر ریکارڈ کی گئی ہیں، جو تقریباً 1200 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں۔
مزید تحقیق سے یہ بھی پتا چلا کہ WASP-127b سیارہ مشتری سے بھی بڑا ہے اور اس کے صبح اور شام کے اطراف میں درجہ حرارت میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔ یہ مختلف درجہ حرارت اس سیارے کی منفرد خصوصیات میں سے ایک ہیں۔