لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہم تو بہت پْرسکون اور چِل ہیں کیونکہ پنجاب سے کوئی نہیں نکل رہا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم تشریف لاچکے ہیں اور دیگر مہمان آرہے ہیں، تحریکِ انصاف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے خلاف کام کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملک میں بہتری آ رہی ہے اور مہنگائی کم ہور ہی ہے لیکن ان کو چین نہیں آ رہا، یہ بتائیں انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کیا کیا؟
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ وزیرِ اعلی پنجاب کام کر رہی ہیں، اس لیے پنجاب کے لوگوں کی احتجاج میں دلچسپی نہیں، مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پچھلی بار بھی پولیس اہلکاروں پر آنسو گیس شیلنگ کی، کل وزیرِ داخلہ کو سنا میرا خیال ہے کہ ان کو آنے کی اجازت نہیں ملے گی، یہ پْرامن احتجاج کریں تو کوئی کیوں ان کو روکے گا، یہ صرف فساد کے لیے آتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ ساری مشینری کہاں ہوتی ہے جب کے پی میں کوئی گاڑی دریا میں گر جاتی ہے، ریسکیو 1122 مریضوں کے لیے رکھی گئی ہے یا فساد کے لیے، یہ سیاسی جماعت نہیں، دہشتگردوں سے جس زبان میں بات کرنی پڑتی ہے اس میں کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ان سے پوچھنا چاہیے ان کو کیا مصیبت ہے کام کیوں نہیں کرتے، کے پی کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ وسائل عوام پر کیوں نہیں لگا رہے ہیں، آپ جلاؤ گھیراؤ کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکتے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بالکل پْرسکون ہے کہیں بھی چار لوگوں کا قافلہ بھی نظر نہیں آیا، لوگ اپنے کاموں پر معمول کے مطابق جارہے ہیں۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سالگرہ پر مینارِ پاکستان یا ارد گرد کے لوگوں کا کیا قصور ہے، سالگرہ منانی ہے تو جا کر اڈیالہ جیل کے سامنے منائیں۔