عمران خان کو ایسی چیز دی گئی جو ذہنی توازن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، قاسم سوری

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک ایسی چیز دی گئی ہے، جس سے ان کی ذہنی صحت اور زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں قاسم سوری نے لکھا ہے کہ قریبی ذرائع کے مطابق عمران خان کو ایک تنگ کمرے میں قید رکھ کر زہریلے اسپرے کا سامنا کروایا گیا، جس کی بو ان کے ذہن پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی صحت خراب ہو رہی ہے اور ان کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

تحریک انصاف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر قاسم سوری کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں عمران خان کا مکمل اور شفاف طبی معائنہ کروایا جائے تاکہ ان کی صحت سے متعلق درست معلومات سامنے آسکیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کا اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، اور ان کی خیریت کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت بھی دستیاب نہیں ہے۔ ان کی موجودہ حالت اور تنہائی کے باعث انسانی حقوق کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

تحریک انصاف نے عمران خان کے ساتھ ہونے والے مبینہ ناروا سلوک پر سوال اٹھایا ہے کہ آیا اس کے پیچھے کوئی گہری سازش یا ارادے موجود ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ایسے خدشات کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی حکومت کو خط لکھ کر ان پر زہر دینے کے خطرے کا ذکر کیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان نے رواں برس ستمبر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ جیل میں رہنے کے دوران عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین